الوقت - عراق کے شہر القيارہ پر دہشت گرد گروہ داعش کے حملے کو فوج نے ناکام بنا دیا۔
عراق کی سومريا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عراق کے صوبہ نینوا کے ایک مقامی عہدیدار صالح الجبوري نے پیر کو القياره شہر پر دہشت گرد گروہ داعش کے حملے کو ناکام بنائے جانے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ داعشيوں کو اپنے اس حملے میں بڑی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
صالح الجبوري کے بیان کے مطابق، اس حملے کو پوری طرح ناکام بنا دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ داعش کے دہشت گردوں نے تین طرف سے ایک ساتھ حملہ کرکے القياره شہر پر کنٹرول کرنا چاہا لیکن عراقی فوج اور رضاکار فورسز کی مزاحمت کی وجہ سے یہ حملہ ناکام ہو گیا۔
صالح الجبوري کے مطابق، القياره پر قبضے کی ناکام کوشش کے دوران 100 سے زائد دہشت گرد مارے گئے۔ اس حملے میں داعش کے سات خودکش حملہ آوروں نے ٹرکوں کے ذریعے القياره کے سیکورٹی گھیرے کو توڑنے کی کوشش کی لیکن عراقی فوج نے وقت رہتے کارروائی کرکے اس حملے کو ناکام بنا دیا۔
حملے میں زندہ بچ جانے والے دہشت گرد میدان جنگ میں اپنے ساتھیوں کو چھوڑ کر فرار کر گئے ہیں۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ القياره کے نواحی علاقوں میں بہت سے لاشیں بکھری ہوئی ہیں۔ القياره 25 اگست کو داعش کے کنٹرول سے آزاد ہوا ہے۔