ہندوستان نے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کو طلب کرکے اسلام آباد میں موجود اپنے ہائی کمشنر گوتم بمباوالے کو کراچی جانے سے روکے جانے پر احتجاج درج کرایا، جسے پاکستانی ہائی کمشنر نے مسترد کر دیا۔
سفارتی ذرائع کا کہنا تھا کہ بھارتی سکریٹری خارجہ نے پاکستانی ہائی کمشنر کو وزارت خارجہ طلب کرکے کراچی میں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری تقریب میں اپنے ہائی کمشنر گوتم بمباوالے کو مبینہ طور پر شرکت کرنے سے روکے جانے پر احتجاج کیا تھا۔
پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے ہندوستان کے رخ کو مسترد کرتے ہوئے ہندوستانی حکام پر واضح کیا کہ ایک خود مختار ادارے نے ہندوستانی ہائی کمشنر کو تقریب میں شرکت کے لئے مدعو کر رکھا تھا، جس سے پاکستانی حکومت کا کوئی تعلق نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری پر دباؤ ڈالے جانے کا تاثر بالکل غلط ہے، جبکہ مذکورہ تقریب چیمبر ہی کی جانب سے سیکورٹی وجوہات سے منسوخ کی گی تھی۔ ذرائع نے بتایا کہ اس موقع پر عبدالباسط نے ہندوستانی رخ کو مسترد کرتے ہوئے اپنا احتجاج بھی ریکارڈ کرا دیا۔
انہوں نے ہندوستانی حکام کے سامنے سوال اٹھایا کہ انہیں ہندوستان میں بہت سے پروگرام میں شرکت سے کیوں روکا گیا۔ پاکستانی ہائی کمشنر نے الزام لگایا کہ انہیں مقررہ تقریب میں حکومت ہند کے براہ راست دباؤ کی وجہ سے شرکت سے روکا گیا۔
ادھر کراچی چیمبر آف کامرس نے ہندوستانی دعوے کو خارج کر دیا ہے۔
چیمبر کے ترجمان نے ڈان نیوز کو بتایا کہ منگل کو کراچی میں منعقد ہونے والا پروگرام سیکورٹی وجوہات سے منسوخ کیا گیا تھا۔