الوقت - افغانستان کے دارالحکومت کابل میں دو خود کش دھماکوں میں 24 افراد ہلاک اور 91 سے زائد زخمی ہوگئے۔
موصولہ خبروں کے مطابق، افغان وزارت دفاع کے ترجمان صادق صدیقی کا کہنا ہے کہ 2 خود کش بمباروں نے اپنے جسم پر موجود دھماکا خیز مواد کو کابل میں اڑایا۔ یہ دھماکہ وزارت دفاع کے دفتر کے قریب ہوا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ دونوں خود کش دھماکوں میں پولیس اور عام شہری ہلاک ہوئے۔ افغانستان کی وزارت صحت کے ترجمان وحید مجروح کا کہنا تھا کہ واقعے میں کم از کم 24 افراد ہلاک اور 91 سے زائد زخمی ہوئے۔ ادھر طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے دعوی کیا ہے کہ پہلے خود کش بمبار کا نشانہ افغان وزارت دفاع کی عمارت تھی جبکہ دوسرے خود کش بمبار نے پولیس کو نشانہ بنایا۔