الوقت - پاکستان نے ایک بار پھر اقوام متحدہ سے اپیل کی ہے کہ وہ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں کشمیریوں کے خلاف جاری تشدد اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی تحقیقات کے لئے ایک کمیٹی کشمیر بھیجے۔
اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس کانفرنس کے دوران پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے بتایا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل بان کی مون کو مزید ایک خط لکھا ہے جس میں کشمیر کی ابتر ہوتی صورت حال کا ذکر کرتے ہوئے تحقیقاتی مشن بھیجنے کے مطالبے کو دہرایا گیا ہے۔
ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق، خط میں بلوچستان کے بارے میں ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کے بیان کو نامناسب اور اقوام متحدہ کے منشور کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ ایسے بیانات کا مقصد دنیا کی توجہ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں جاری بربریت اور ظلم سے ہٹانا ہے۔
پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ابھی تک اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں پاک - ہندوستان وزرائے اعظم کی ملاقات کا فیصلہ نہیں کیا گیا، تاہم وزیر اعظم نواز شریف اور اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کے درمیان ملاقات ہونے کی امید ہے۔