الوقت - عراقی فوجیوں نے موصل کے قریب واقع القياره شہر کو تکفیری دہشت گرد گروہ داعش کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے۔
جمعرات کو اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے عراقی فوجی ٹیم کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ریاض جلال توفیق نے کہا کہ ہم نے بہت ہی محدود وقت میں پورے شہر پر قبضہ حاصل کر لیا اور وہاں سے داعش کا خاتمہ کر دیا۔
کمانڈر کا کہنا تھا کہ عراقی فوج کے ماہر شہر میں داعش کی طرف سے نصب کئے گئے بموں کو ناکارہ بنانے کا کام کر رہے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ عراقی فوج نے منگل کو القياره شہر کو داعش سے آزاد کرانے کی مہم شروع کی تھی ۔
2014 میں داعش نے دریائے دجلہ کے کنارے پر آباد ہوئے اس شہر پر قبضہ کر لیا تھا۔
دوسری جانب عراق کے وزیر اعظم حیدر العبادی نے القیارہ شہر کی آزادی پر فوج اور رضاکار فورس کو مبارک باد دی ہے۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں شہر کی آزادی کو فوج کی ایک اور کامیابی قرار دیا اور کہا کہ عوام کی بھر پور حمایت کی وجہ سے فوج کو یہ کامیابی حاصل ہوئی ہے۔