الوقت - امریکا نے ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں تشدد پر تشویش ظاہر کی ہے۔
امریکا نے ہندوستان اور پاکستان سے کشمیر تنازعہ کا پرامن حل تلاش کرنے پر زور بھی دیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان الزبتھ ٹروڈو نے کہا کہ ہم کشمیر میں جدوجہد سے واقف ہیں۔ ہم تشدد کے حوالے سے فکر مند ہیں اور تمام فریقوں سے اپیل کرتے ہیں کہ پرامن طریقے سے مسئلے کا حل کریں۔
ٹروڈو سے ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے پاکستان کے صوبہ بلوچستان اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کی آزادی کے لئے کھلی حمایت کئے جانے کے بارے میں پوچھا گیا تھا۔ انہوں نے اس تنازعہ میں شامل ہونے سے انکار کر دیا اور کہا کہ امریکا نے کشمیر کے حوالے سے اپنا موقف تبدیل نہیں کیا ہے۔ یہ ہمیشہ دو ممالک کے درمیان دو طرفہ مسئلہ رہے گا۔
ٹروڈو نے پیر کو اپنے بیان میں کہا کہ ہمارا موقف کشمیر کے حوالے سے تبدیل نہیں ہوا ہے ۔ دونوں فریق کے درمیان کشمیر پر گفتگو سے ہی امن کا راستہ نکل سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہندوستان اور پاکستان کے درمیان قریبی تعلقات کے لئے کسی بھی مثبت قدم کی حمایت کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ علیحدگی پسند گروہ حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی کی 8 جولائی کو ہلاکت کے بعد سے ہی کشمیر میں کشیدگی جاری ہے۔ پانچ ہفتوں سے چل رہی بدامنی میں 65 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔