الوقت - یمن میں روس کے سفیر نے کہا ہے کہ یمن کی جنگ اس وقت سعودی عرب کی سرحدوں کے اندر جاری ہے۔
صنعا میں تعینات روس کے سفیر ولادیمير ديدوشكن نے یمن کی سیاسی و سیکورٹی کی صورتحال پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت جنگ، سعودی عرب کی سرحدوں کے اندر تک پہنچ گئی ہے۔ انہوں نے یمن پر سعودی عرب کے حملوں میں اضافے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یمن کی سیکورٹی کی صورتحال مزید خراب ہو جانے سے اس ملک کے بحران کے سیاسی حل کی راہ زیادہ مشکل اور پیچیدہ ہو گئی ہے۔ یمن میں روس کے سفیر نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ اس مرحلے میں یمن میں سیاسی و سیکورٹی کی صورتحال پیچیدہ ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماسكو کا مطالبہ ہے کہ ایسے ہر یک طرفہ قدم سے پرہیز کرنا چاہئے جس سے سیاسی عمل کا مستقبل تباہ ہو سکتا ہو۔
فرانس پریس نے رپورٹ دی ہے کہ پیر کو سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے شمال مغربی صوبے حجہ کے ایک ہسپتال پر حملہ کیا جس میں 11 افراد جاں بحق اور 20 دیگر زخمی ہو گئے۔ اتوار کو بھی سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے صوبہ صعدہ میں حفاظ قرآن کے ایک مدرسے کو نشانہ بنایا تھا جس میں 13 بچے جاں بحق اور 18 زخمی ہو گئے تھے۔