الوقت - ترکی کے ذرائع ابلاغ نے انقرہ اور ماسکو کی کمپنیوں کے درمیان چالیس کروڑ ڈالر کے معاہدے کی اطلاع دی ہے۔
ترک ذرائع ابلاغ کے مطابق روس کی ایک بڑی سرمایہ کار کمپنی اور ترکی کی رونیسنس ہولڈنگ کمپنی نے سینٹ پيٹرزبرگ میں چالیس کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔ اس رپورٹ کے مطابق طبی، تجارت اور تعمیرات سے متعلق تعاون کے اس معاہدے میں دونوں فریقوں نے 50-50 فیصد سرمایہ کاری کی ہے۔
گزشتہ سال 24 نومبر کو ترکی کی جانب سے شام میں روس کے ایک جنگی طیارے کو مار گرائے جانے اور اس کے پائلٹ کے قتل کے بعد، ماسكو اور انقرہ کے تعلقات انتہائی کشیدگی کا شکار ہو گئے تھے۔ گزشتہ ماہ ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے اپنے روسی ہم منصب پوتين کو خط بھیج کر اس واقعہ پر معذرت طلب کی تھی جس کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات کی بحالی کی راہ ہموار ہو گئي تھی۔ اس کے بعد اردوغان نے منگل کو سینٹ پيٹرزبرگ میں پوتين سے ملاقات کی ہے۔