الوقت - پاکستان نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں عوام پر ہو رہے مظالم کو رکوانے میں کردار ادا کرے۔
پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف نے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل بان کی مون کو خط لکھ کر ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں فورسز کے مظالم رکوانے کے لیے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کردیا۔
پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف نے بان کی مون کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے کمشنر کو بھی خط لکھا۔
اس خط میں ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرانے کے لیے اقوام متحدہ سے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت پر سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق عمل کیا جائے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ ہندوستانی فوج کشمیر میں مظالم ڈھا رہی ہے، جس میں اب تک متعدد کشمیری ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوچکے ہیں۔ اس خط میں کہا گیا ہے کہ ہندوستانی فوج کی جانب سے چھرے والی بندوقوں کے استعمال سے متعدد معصوم کشمیریوں کی بینائی ضائع ہوئی، طاقت کا استعمال اور ماورائے عدالت قتل کے واقعات بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہیں، جبکہ ہندوستانی فوج کے ایسے مظالم ناقابل قبول ہیں۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ ہندوستانی فوج کی جانب سے شہریوں کو ہسپتال جانے سے روکنے کے لیے طاقت کا استعمال کیا گیا، جبکہ ڈاکٹروں اور طبی عملے کو زخمیوں کا علاج کرنے سے روکا گیا جو ہندوستان کی ریاستی دہشت گردی کا ثبوت ہے۔
واضح رہے کہ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں گزشتہ 32 روز سے جاری کشیدگی میں 70 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔