الوقت - پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے سول ہسپتال میں ہونے والے دھماکے میں 10 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
موصولہ خبروں کے مطابق دوشنبہ کی صبح نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے بلوچستان بار کونسل کے صدر ایڈووکیٹ بلال کاسی کی میت سول ہسپتال لائی گئی تھی، جاں بحق ہونے والوں میں زیادہ تعداد وکلاء کی ہے۔
سول ہسپتال میں وکلاء کی بھی اچھی خاصی تعداد موجود تھی جس کے دوران ہسپتال کے شعبہ حادثات کے بیرونی گیٹ پر زور دار دھماکا ہوا۔ واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچ گئی۔ پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے کوئٹہ کے سول ہسپتال میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام اور سکیورٹی فورسز نے بڑی قربانیاں دے کر بلوچستان میں امن قائم کیا ہے، کسی کو بھی صوبے میں امن وامان کی صورتحال خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔