الوقت - فلسطین کے طبی اور صحت کے امور کے وزیر نے صیہونی حکومت کی جیلوں میں بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینی قیدیوں کی تشویشناک صورتحال کی جانب سے خبردار کیا ہے۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق، فلسطین کے طبی اور صحت کے امور کے وزیر جواد عواد نے اتوار کو ایک بیان میں بین الاقوامی قانونی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ ہے کہ وہ اسرائیلی جیلوں میں بند فلسطینیوں کی جسمانی حالت کا پتہ لگانے کے لئے ان تک ڈاکٹروں کی رسائی آسان بنائیں۔
فلسطین کے طبی اور صحت کے امور کے وزیر نے کہا کہ وہ اسرائیلی جیلوں میں بھوک ہڑتال پر بیٹھے قیدیوں کی صورت حال کے بارے میں اور ان کو اس صورت حال سے نجات دلانے کے لئے بین الاقوامی اداروں کو خط لکھیں گے۔
جواد عواد کے مطابق، غاصب صیہونی حکومت نے تمام بین الاقوامی قوانین اور وعدوں کی خلاف ورزی کی ہے اور اس نے طبی اصولوں اور قوانین کو بھی پامال کیا ہے۔
واضح رہے کہ جمعے کو فلسطینی قیدیوں کی حمایت میں جنوبی نابلس میں فلسطینیوں نے پرامن مظاہرہ کئے تھے جس پر اسرائیلی فوجیوں نے حملہ کر دیا اور غیر مسلح مظاہرین پر آنسو گیس کے گولے فائر کئے جس سے دسیوں فلسطینیوں کو دم گھٹنے کی شکایت ہوئی۔