الوقت - ایران نے اپنے میزائل پروگرام کے بارے میں جرمن چاسنلر انگیلا مرکل کے حالیہ بیان کو غیر تعمیری قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے جرمن چانسلر انگلا مرکل کے حالیہ بیان پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے بارہا اعلان کیا ہے کہ اس کا میزائل پروگرام مکمل طور پر دفاعی ہے اور کسی بھی طور پر اس کی ڈیزائنگ ایٹمی وار ہیڈز لے جانے کے لئے نہیں کی گئی ہے، اس لیے سلامتی کونسل کی قرارداد نمبر 2231 کے تضاد بھی نہیں اور جامع مشترکہ ایکشن پلان سے اس کا کوئی واسطہ نہیں ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ایران نے ایک بار پھر اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے میزائل پروگرام اپنے قومی مفاد اور دفاعی حکمت عملی کی بنیاد پر پوری طاقت سے جاری رکھے گا اور اس طرح کے بیانات سے ایران کا قانونی میزائل پروگرام کبھی بھی متاثر نہیں ہو گا ۔
واضح رہے کہ جرمن چانسلر انگلا مرکل نے یہ دعوی کیا تھا کہ ایران نے اپنے میزائل پروگرام کو روکنے کے بارے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے قانون کی خلاف ورزی کی ہے۔ مرکل نے کہا کہ ایران نے سلامتی کونسل کی قرارداد سے متعلق شقوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنے میزائل پروگرام کی توسیع کا عمل جاری رکھا ہے۔