الوقت - امریکی سینیٹر جان مکین نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کو سراہا ہے۔
جان مکین ایک اعلی وفد کے ساتھ پاکستان کے چار روزہ دورے پر ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان اور اس کے نواحی علاقوں کی سیکورٹی قابل اعتماد ہے۔ پاکستان کی وزرات خارجہ کیا جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ جان مکین اور ان کے ساتھ آئے وفد نے پاکستانی حکام سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں امریکی وفد نے پاکستان کی انسداد دہشت گردی مہم اور اس سے حاصل ہونے والے نتائج کو قابل ستائش قرار دیا۔
جان میکین نے کہا کہ ہم اس پیغام کے ساتھ دوبارہ لوٹے ہیں کہ داعش اور دہشت گرد ہمارے مشترکہ دشمن ہیں، ہم دوطرفہ قریبی تعلقات کا قیام اور موجود اختلافات کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔ جان مکین نے افغانستان امن مذاکراتی عمل میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔ اس موقع پرپاکستان کے وزیر اعظم کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے دونوں ممالک کے درمیان مستقل اعلیٰ سطحی رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا ایسے موقع پر جب خطے کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جان مکین کی جانب سے پاک - امریکا تعلقات کے حوالے سے مثبت بیان قابل تعریف ہے۔