الوقت ۔ صیہونی فوجیوں نے مقبوضہ فلسطینی علاقے میں دو مختلف واقعات میں 2 فلسطینیوں کو گولی مار کر شہید کر دیا۔
پہلا واقعہ جمعے کو خلیل شہر کی مسجد ابراہیمی کے قریب پیش آیا۔ شہید ہونے والی ایک فلسطینی لڑکی ہے جس کی شناخت ساره الحجوج بتائی گئی ہے۔
اسرائیلی پولیس نے دعوی کیا کہ اس لڑکی نے اسرائیلی سیکورٹی فورس پر چاقو سے حملہ کرنے کی کوشش کی تھی۔ ساتھ میں یہ بھی کہا کہ کوئی بھی اسرائیلی پولیس اہلکار اس مبینہ حملے میں زخمی نہیں ہوا۔
گزشتہ دو دن میں اسرائیلی فورس کے ہاتھوں 3 فلسطینی شہید ہوئے ہیں۔ شہید ہونے والوں میں ایک 13 سال کا فلسطینی نوجوانوں بھی ہے جسے اسرائیلی پولیس نے جمعرات کو شہید کیا۔ اسرائیلی پولیس نے دعوی کیا کہ 13 سال کے اس فلسطینی نوجوانوں نے اسرائیلی کالونی میں رہنے والے ایک شخص کو چاقو مارا تھا۔
جمعے کو ہی ایک بزرگ فلسطینی اس وقت شہید ہوگئے جب شہر قدس اور رام اللہ کے درمیان واقع قلنديا چوکی پر اسرائیلی پولیس اور فلسطینیوں کے درمیان جھڑپ شروع ہوئی۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ بزرگ شخص آنسو گیس کی وجہ سے شہید ہوئے۔ یہ جھڑپ اس وقت شروع ہوئی جب فلسطينی، جمعۃ الوداع کی نماز پڑھنے کے لئے مسجد الاقصی کی جانب بڑھ رہے تھے۔ اس جھڑپ میں 40 فلسطینی زخمی ہوئے۔ اسی طرح ایک اسرائیلی پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا۔ یہ واحد چیک پواینٹ ہے جس کے ذریعہ غزہ اور مغربی کنارے کے فلسطینی بیت المقدس میں داخل ہوتے ہیں۔
فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے یہ جھڑپ اس وقت شروع ہوئی جب اسرائیلی فوجیوں نے ٹریفک کو تیزی سے آگے بڑھانے کے لئے قلنديا چوکی پر فلسطینیوں پر ڈنڈے برسانے شروع کر دئیے اور ان پر آنسو گیس کے گولے فائر کئے۔