الوقت - کرد نژاد کناڈا کی سابق ماڈل نے ترک صدر رجب طیب اردوغان کو داعش کی خود ساختہ حکومت کا بادشاہ قرار دیا ہے۔
موصولہ خبروں کے مطابق، داعش کے خلاف جنگ میں کرد فوج کے شانہ بشانہ لڑنے والی حنا بوحمان نے ترک صدررجب طیب اردوغان کو تکفیری دہشت گرد گروہ داعش کی نام نہاد خلافت کا بادشاہ قراردیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شام اور عراق میں داعش کی توسیع میں ترک حکومت کا اہم کردار رہا ہے۔
حنا بوحمان کا کہنا تھا کہ ترکی کی جانب سے داعش کی مدد کو مغربی ذرائع ابلاغ کے ذریعے عام لوگوں تک نہیں پہنچنے دیا جا رہا ہے، یہ بہت ہی شرمناک ہے اور داعش جیسے ناسور کو بروقت ختم نہيں کیا تو یہ مستقبل میں قابو سے باہر ہو جائے گا۔ سابق کرد ماڈل کا کہنا تھا کہ داعش کو وسیلہ بناکر ترک صدر نام نہاد حکومت اسلامی قائم کرنے کا خواب دیکھ رہے ہیں۔
انہوں نے دہشت گردی کے بارے میں مغرب کے دوہرے موقف کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان ملکوں کے عوام مغربی ممالک کی تخلیق کردہ شیطانیت سےنبرد آ زما ہیں۔ حنا بوحمان نے مزید کہا کہ داعش اپنے نظریات پھیلانے کیلئے انٹرنیٹ کا استعمال کرتا ہے جس سے دوسرے ممالک میں اس وحشی گروہ کی سرگرمیاں بڑھ سکتی ہیں۔