الوقت - ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں عسکریت پسندوں کے حملے میں 8 ہندوستانی فوجی ہلاک ہوگئے۔
موصولہ خبروں کے مطابق، جنوبی کشمیر کے پامپور شہر میں سرینگر- جموں شاہراہ پر دہشت گردوں نے سی آر پی ایف کے قافلے پر حملہ کیا۔ سیکورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 2 عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔ اس حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے لشکرطیبہ کے سربراہ نے بیان دیا ہے کہ ہندوستانی سیکورٹی فورسز پر کشمیر کی آزادی تک حملے ہوتے رہیں گے۔
خبروں کے مطابق پامپور شہر سے گزر رہا سی آر پی ایف کا قافلہ جیسے ہی نمبلابل کے پاس پہنچا گھات لگائے بیٹھے عسکریت پسندوں نے فائرنگ کرنی شروع کر دی۔ وہیں وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے اس حملے بارے میں CRPF کے DG درگا پرساد سے رپورٹ طلب کی ہے۔ اتوار کو ڈی جی پامپور پہنچ کر جائے وقوعہ کا دورہ کریں گے۔
اس حملے میں تقریبا 22 جوان زخمی بتائے جا رہے ہیں۔ تمام زخمیوں کو علاج کے لئے ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ سی آر پی ایف کے کمانڈنٹ راجیش یادو نے بتایا کہ حملے کے بعد فوج کی جانب سے جوابی کارروائی جاری ہے۔ پورے علاقے کو فوج نے گھیر لیا ہے۔
واضح رہے کہ جموں و کشمیر کے کپواڑہ میں اسی ہفتے جھڑپوں کے دوران 7 عسکریت پسند ہلاک ہوئے تھے۔ یہ جھڑپیں تقریبا 24 گھنٹے تک جاری رہی تھی جبکہ جنوری سے اب تک کشمیر میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 70 سے زیادہ مسلح افراد مارے جا چکے ہیں۔