الوقت - ہندوستان اور پاکستان نے شنگھائی تعاون تنظیم کی رکنیت حاصل کر لی ہے۔
موصولہ رپورٹوں کے مطابق، دونوں ملکوں نے اس تنظیم کی رکنیت کے حوالے سے ذمہ داریوں کی یادداشت پر دستخط کر دیئے جس کےبعد دونوں ملک شنگھائی تعاون تنظیم کے مستقل رکن بن گئے۔
میمورینڈم آف آبلیگیشنز یعنی ذمہ داریوں کی یادداشت پر دستخط تاشقند میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کے دوران ہوئے۔ ذمہ داریوں کی یادداشت پر شنگھائی تعاون تنظیم کے 6 رکن ممالک کے وزرائے خارجہ، تنظیم کے سیکریٹری جنرل اور پاکستانی مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے مشترکہ طور پر یادداشت پر دستخط کیے۔ پاکستان اور ہندوستان کی شمولیت سے شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کی تعداد 8 ہوگئی ہے، جو دنیا کی کُل آبادی کے 45 فیصد حصے کی نمائندگی کرتے ہیں۔
روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے جمعہ کو پاکستان اور ہندوستان شنگھائی تعاون تنظیم میں شامل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ چین، روس اور وسطیٰ ایشیائی ممالک کی اس تنظیم کی بنیاد 2001 میں رکھی گئی تھی اور اب پہلی بار اس کی رکن ممالک کی تعداد میں اضافہ کیا جارہا ہے۔ شنگھائی تعاون تنظیم میں بیلاروس کے ساتھ افغانستان، ایران اور منگولیا کو بطور مبصر ممالک شامل کئے گئے۔