الوقت - شمالی شام میں دہشت گرد گروہ داعش نے شامی فوج کو ایک بار پھر کیمیائی حملے کا نشانہ بنایا ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق داعش نے بدھ کو شمالی شام کے صوبہ رقہ میں اثريا - طبقہ ہائی وے پر شامی فوج پر کیمیائی گیس پر مشتمل راکٹوں سے حملہ کیا جس کی وجہ سے بہت سے شامی فوجیوں کی حالت بگڑ گئی اور ان کا دم گھٹنے لگا۔ داعش کے اس کیمیائی حملے کے بعد شامی فوج کو اثريا - طبقہ ہائی وے سے پسپائی اختیار کرنی پڑئی ۔ شامی فوج نے طبقہ فوجی ایئر پورٹ جانے والے اثريا کے راستے اور رقہ شہر پر روس کی فضائیہ کے تعاون سے دو جون کو کارروائی شروع کی تھی اور اس کارروائی میں اس نے کئی علاقوں کو دہشت گردوں سے آزاد کرا لیا ہے۔
شمالی شام کے صوبہ حلب میں بھی شام کے لڑاکا طیاروں نے کئی علاقوں میں دہشت گرد گروہوں کے ٹھکانوں پر حملے کئے جن میں درجنوں دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ شام کے جنگی طیاروں نے ترکی سے ملنے والے سرحدی علاقوں میں بھی دہشت گردوں کی سپلائی لائنوں کو نشانہ بنایا۔