الوقت - بحرین کے ممتاز عالم دین اور بزرگ مرجع تقلید آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی شہریت منسوخ کرنے پر ایران کی قدس بریگیڈ کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی نے آل خلیفہ حکومت کو خبردار کیا ہے۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی قدس بریگیڈ کے کمانڈر نے پیر کو ایک بیان جاری کر کے کہا کہ بحرین کے مسلمان اور مظلوم عوام کافی عرصے سے آل خلیفہ حکومت کے مظالم، توہین اور پر تشدد، غیر انسانی اور ناقابل برداشت کارروائیوں کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ بحرین کے صابر عوام، بھاری دباؤ اور آل خلیفہ کے امتیازی رویہ کے باوجود پرامن طریقے سے اپنے حقوق کی بحالی کی کوشش کر رہے ہیں اور دباؤ میں اضافہ کے ذریعے اسے اس راستے سے نہیں ہٹایا جا سکتا۔
جنرل قاسم سلیمانی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ آل خلیفہ حکومت کا حوصلہ اتنا بڑھ گیا ہے کہ وہ عوام کی ساکھ کو نظر انداز کرکے اور اقوام متحدہ، امریکہ اور مغربی ممالک کی پر معنی خاموش سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ہر دن اپنے جرائم کا دائرہ پڑھاتی چلی جا رہی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی تنظیموں کی خاموشی کے سائے میں شیخ علی سلمان اور دیگر سیاسی و مذہبی رہنماؤں کی غیر قانونی گرفتاری نے آل خلیفہ حکومت کو اتنا جری بنا دیا ہے کہ وہ بحرین کے شیعہ مسلمانوں کے مرجع تقلید شیخ عیسی قاسم کی توہین کرنے پر اتر آئی ہے۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی قدس بریگیڈ کے کمانڈر نے اپنے بیان میں تاکید دے کر کہا ہے کہ شیخ عیسی قاسم کی توہین ایسی ریڈ لائن ہے جس کو عبو کرنے کی صورت میں بحرین اور پورے علاقے میں آگ لگ جائے گی اور لوگوں کے پاس مسلح جدوجہد کے علاوہ کوئی راستہ نہیں بچے گا۔ جنرل قاسم سلیمانی نے اپنے بیان کے آخر میں کہا ہے کہ آل خلیفہ کے حامیوں کو جان لینا چاہئے کہ شیخ عیسی قاسم کی توہین اور بحرین کے عوام پر حد سے زیادہ دباؤ کے جاری رہنے کا نتیجہ ایک خونی انتفاضہ کی شکل میں سامنے آئے گا جس کے نتائج کی ذمہ داری ان لوگوں پر ہوگی جو بحرین کے حکمرانوں کے جرت کو جواز فراہم کر رہے ہیں۔