الوقت - اسرائیل کے سابق وزیر جنگ اور ماضی میں وزیر اعظم بنیامن نیتن یاھو کے دست راست موشے یعلون نے وزارت کا عہدہ چھن جانے کے بعد غصے میں نیتن یاھو کی حکومت کا تختہ الٹنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیتن یاھو اور ان کے اتحادی، صیہونی حکومت کے لئے نقصان اور خطرے کا باعث ہیں۔ انہیں اقتدار سے فوری طور پر الگ ہو جانا چاہئے۔
جنوبی فلسطین میں ہر ہرزلیا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر جنگ نے حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میں مطالبہ کرتا ہوں کہ بینیامن نیتن یاھو اور ان کے حواری خود ہی اقتدار سے الگ ہو جائیں ورنہ ہم حکومت کا تختہ الٹنے پر مجبور ہوں گے۔ موشے یعلون نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ حکومت اپنا قبلہ درست کرے ورنہ ہم عوام سے رجوع کریں گے اور عوامی طاقت اور دوبارہ انتخاب کے ذریعہ حکومت کی چھٹی کرا دیں گے۔ یعلون نے کہا کہ نیتن یاھو کی حکومت شہریوں کو رہایش کی سہولیات فراہم کرنے میں بری طرح ناکام رہی ہے۔