الوقت - شام کے دارالحکومت دمشق کے قریب واقع سیدہ زینب کے علاقے میں دو دھماکے ہوئے ہیں۔
شامی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یہ دھماکے ہفتے کو سیدہ زینب کی التین سڑک اور الذیابیہ میں ہوئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ان میں سے ایک کار بم کا دھماکہ تھا۔ ان دھماکوں میں کم از کم 15 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جبکہ بڑی تعداد میں لوگ زخمی بھی ہوئے۔ زخمیوں میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے۔ سیدہ زینب کا علاقہ، جہاں پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی نواسی اور حضرت علی علیہ السلام کی بیٹی حضرت زینب سلام اللہ علیہا کا مزار واقع ہے، اس سے پہلے بھی کئی بار اس طرح کے حملوں کا نشانہ بن چکا ہے۔ گزشتہ ماہ بھی یہاں ایک کار بم دھماکہ ہوا تھا جس میں کم از کم 15 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔
یہ دھماکے ایسی صورتحال میں ہوئے ہیں کہ جب شام کی فوج نے جنوب مشرقی دیرالزور کے علاقے میں دہشت گردوں کے کئی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔ فوج کی اس کارروائی میں دہشت گردوں کا ایک ٹینک اور ان کی تین گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔ شامی فوج نے اسی طرح عین الحسین نامی گاؤں کے قریب نصرہ فرنٹ کے کئی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔