الوقت - امریکا میں صدارتی عہدے کے امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایک مسلمان جج ان سے انصاف نہیں کر سکتا۔
ریپبلکن پارٹی کے ممکنہ صدارتی امیدوار اور ارب پتی تاجر ڈونالڈ ٹرمپ نے امریکی ٹی وی سی بی ایس کے پروگرام "فیس دا نیشن" میں یہ بات کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے مقدمات کی سماعت کا اگر کسی مسلمان کو موقع ملا تو وہ ان کے ساتھ انصاف نہیں کرے گا۔ پروگرام کے میزبان جان ڈکرسن نے ٹرمپ سے یہ پوچھا کہ آپ یہ اپنے اس بیان کی وجہ سے کہہ رہے ہیں جس میں آپ نے انتخابی مہم کے دوران مسلمانوں کے امریکا میں داخلے پر عارضی پابندی کا متنازع بیان دیا تھا؟ اس کے جواب میں ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ جی ہاں بالکل ایسا ہی ہے۔ جان ڈکرسن نے جب ٹرمپ سے یہ پوچھا کہ امریکا میں یہ روایت ہے کہ امریکی، دوسروں کو رنگ، نسل اور پس منظر کی بنیاد پر نہیں پرکھتے؟ ٹرمپ نے اس کے جواب میں کہا کہ میں روایت کی بات نہیں کر رہا ہوں، میں کامن سینس کی بات کر رہا ہوں، یہ ایک ایسا شخص ہے جو اپنے ورثا پر فخر کرتا ہے۔