الوقت - امریکا میں صدارتی دوڑ میں شامل ریپبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ اگر صدراتی عہدے کا الیکشن جیت جاتے ہیں تو اس سے پوری دنیا کے لئے خطرہ پیدا ہو سکتا ہے۔
جمعرات کی رات کرائی گئي بین الاقوامی رائے شماری میں یہ بات سامنے آئي ہے کہ اگر ٹرمپ امریکی صدر بنتے ہیں تو اس سے دہشت گردانہ حملوں میں اضافہ ہوگا اور دنیا کی معیشت کو بھاری نقصان ہوگا۔ یہ رائے شماری عالمی مہم "آواز" کی طرف سے کرائی گئی تھی جس میں امریکا کے سب سے قریب ترین دوست ممالک فرانس، جرمنی، برطانیہ، میکسیکو، کینیڈا اور جاپان کے شہری شامل تھے۔
رائے شماری کے دوران 78 فیصد لوگوں نے کہا کہ ٹرمپ کا سیاسی نقطہ نظر دنیا کے لئے خطرہ ہے، 61 فیصد لوگوں کا خیال تھا کہ اس سے برسلز اور پیرس جیسے حملے بڑھیں گے، 74 فیصد لوگوں کا خیال تھا کہ ان کی سیاست منفی سوچ والی ہے۔ 71 فیصد لوگوں کا خیال ہے کہ ٹرمپ کا سیاسی نقطہ نظرعالمی معیشت کے لئے نقصان دہ ہے۔
واضح رہے کہ ٹرمپ نے عالمی سلامتی اور دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے امریکہ میں مسلمانوں کے داخلے پر پابندی لگانے کا مشورہ دیا تھا۔ اس رائے شماری میں ان کے اس بیان کو دنیا کے لئے تشویش کا سبب قرار دیا گیا اور کہا کہ اس سے حملوں میں اضافہ ہوگا اور یہ انتہائی خطرناک رجحان ہے۔