الوقت - پاکستان کے وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پاکستان کو چابہار بندرگاہ منصوبے پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔
انھوں نے سیالکوٹ میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران، پاکستان کا برادر ملک ہے اور اسی لئے اسلام آباد کو چابہار بندرگاہ کے منصوبے پر کوئي اعتراض نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کو پاکستان کے خلاف ہندوستان کے ارادوں پر توجہ دینا چاہے۔
واضح رہے کہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی، ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی اور افغان صدر اشرف غنی کی موجودگی میں تینوں ممالک نے چابہار بندرگاہ کی توسیع اور سہ طرفہ ٹرانزٹ معاہدے پر دستخط کئے۔ اس سمجھوتے کے تحت ہندوستان، چابہار بندرگاہ کی تعمیر اور توسیع کے لئے 50 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔
اس سمجھوتے بعد سیاسی حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی اور پاکستانی حلقوں کا کہنا تھا کہ چابہار بندرگاہ، پاکستان کی گوادر بندرگاہ کی اہمیت کو کم کرنے کے لئے ہے۔
اسی تشویش کا جواب دیتے ہوئے پاکستان میں اریان کے سفیر مہدی ہنر دوست نے کہا کہ چابہار اور گوادر ایک دوسرے کی حریف بندرگاہیں نہیں ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ چابہار ایک بین الاقوامی بندرگاہ بن رہا ہے جہاں دنیا بھر کے ممالک کاربار کر رہے ہیں۔