الوقت - تکفیری دہشت گرد گروہ داعش نے دعوی کیا ہے کہ مصر کے مسافر طیارے کو اس نے مار گرایا تھا۔
اسپوتنک نیوز ایجنسی کے مطابق داعش نے اجپٹ ایئر لائن کے اے -320 ائیر بس طیارے کو مار گرانے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ مصر کا یہ طیارہ پیرس ہوائی اڈے سے قاہرہ کے لئے پرواز کر رہا تھا کہ جمعرات کی صبح ریڈار سے اس کا رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔ اس سے پہلے مصر کے شہری ہوا بازی کے وزیر نے کہا تھا کہ طیارے کے حادثے میں دہشت گردانہ حملے کے امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا۔ شریف فتحی نے ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ دہشت گردانہ حملے سمیت کسی بھی امکان سے انکار نہیں کیا جا سکتا لیکن ابھی اس سلسلے میں دقیق تحقیقات کی ضرورت ہے۔
در ایں اثنا یونان نے کہا ہے کہ طیارے کا ملبہ دریائے ایجین کے جنوب مشرق میں واقع كارباٹس جزیرے کے ساحل پر مل گیا ہے لیکن مصر کے شہری ہوا بازی کے وزیر نے کہا ہے کہ ابھی تک اس طیارے کا ملبہ نہیں مل سکا ہے۔ طیارے میں 66 افراد سوار تھے جن میں 30 مصری، 15 فرانسيسي، 2 عراقی اور باقی کچھ دیگر ممالک کے شہری تھے۔