الوقت - ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کا کہنا ہے کہ حزب اللہ کے سینئر کمانڈر کی شہادت سے یقینی طور پر صیہونی حکومت اور دہشت گردی سے جنگ کے لئے مزاحمتی گروہ کا عزم مزید مضبوط ہوگا۔
جمعے کو حزب اللہ کے سکریٹری جنرل سید حسن نصر اللہ کے نام تعزیتی پیغام میں محمد جواد ظریف نے ایران کی جانب سے اسرائیل کے ہاتھوں مصطفی بدرالدین کی شہادت پر تعزیت پیش کی۔
ایران کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ کمانڈر بدرالدین نے خود کو اسلام کے اصولوں اور لبنان کے مزاحمت کار عوام کی حفاظت اور دہشت گردی سے لڑنے کے لئے وقف کر دیا تھا۔
جمعے کو ایک بیان میں حزب اللہ نے کہا تھا کہ وہ اس دھماکے کی تحقیقات کرے گی جس کے نتیجے میں سینئر کمانڈر شہید ہوئے۔
موصولہ رپورٹ ں میں اشارہ کیا گیا تھا کہ 55 سالہ کمانڈر شام میں اسرائیلی فضائیہ کے حملے میں شہید ہوئے ہیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے حزب اللہ لبنان کے جنرل سکریٹری کو بھیجے گئے ایک پیغام میں کہا کہ یقینی طور سے اس عظیم مجاہد کی شہادت، صیہونی حکومت اور دہشت گردی کے خلاف مزاحمت کاروں کے عزم کو پہلے سے زیادہ مضبوط بنائے گی۔ ایران کے وزیر خارجہ نے اپنے پیغام میں خدا سے دعا کی کہ شہید مصطفی بدرالدين کو بلند مقام عطا کرے اور ان کے اہل خانہ اور ساتھیوں کو صبر جمیل عطا کرے ۔
واضح رہے کہ الميادين ٹی وی نے جمعے کی صبح رپورٹ دی کہ حزب اللہ لبنان کے سینئر کمانڈر مصطفی بدرالدين عرف ذولفقار، شام کے دارالحکومت دمشق کے ہوائی اڈے کے قریب صیہونی حکومت کے حملے میں شہید ہو گئے۔
حزب اللہ لبنان کے ڈپٹی سکریٹری جنرل نے کہا ہے کہ شہید بدرالدين کی راہ جاری رہے گی۔
جنوبی لبنان کے ضاحیہ علاقے میں ایک قبرستان میں حزب اللہ کے سینئر کمانڈر شہید مصطفی بدرالدين عرف ذوالفقار تدفین کے موقع پر اس تنظیم کے ڈپٹی سکریٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے کہا ہے کہ شہید بدرالدين نے جو مقام حاصل کیا ہے ہم اس پر فخر کرتے ہیں اور ہر دن ہماری یہی آرزو ہے کہ شہادت کے ساتھ اس دنیا سے رخصت ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس بات کو ہرگز قبول نہیں کریں گے کہ اپنے ملک میں ذلیل و خوار ہو کر رہیں، ہم شہادت اور فتح پر یقین رکھنے والے ہیں اور دنیا میں کسی کے بھی غلام بن کر نہیں رہیں گے۔
شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ شہید ذوالفقار نے جنگ کے میدان میں تکفیری و دہشت گرد گروہوں اور ان کے حامیوں کو کاری ضرب لگائی اور غاصبانہ قبضے اور تکفیریت سے مقابلے کا اس شہید کا راستہ پوری مضبوطی اور مزاحمت کے ساتھ جاری رہے گا۔
حزب اللہ لبنان کے ڈپٹی سکریٹری جنرل نے کہا کہ جلد ہی اس بات کا اعلان کیا جائے گا کہ دمشق ائیرپورٹ کے قریب ہوئے دھماکے کے لئے کون ذمہ دار ہے۔