الوقت - افغانستان کے صوبہ ہرات کے حکام نے دہشت گردانہ حملے میں صوبہ ہرات میں اپیل پراسیکیوٹر کے دفتر کے چیئرمین کے جاں بحق ہونے کی اطلاع دی ہے۔
ہرات پولیس کے سربراہ عبد المجید روزی نے اس خبر کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ ہرات میں اپیل پراسیکیوٹر کے دفتر کے چیئرمین سمیع الدین رہین پر نامعلوم افراد نے ساڑھے تین بجے فائرنگ کر دی جس میں وہ فورا ہی جاں بحق ہوگئے۔ روزی کا کہنا تھا کہ ابھی تک اس معاملے میں کسی کو گرفتار نہیں کیا جاسکا۔
ہرات کے سرکاری اسپتال کے ترجمان محمد رفیق شیرزی نے بتایا کہ اس حملے میں صوبہ ہرات میں اپیل پراسیکیوٹر کے دفتر کے چیئرمین ہلاک ہوئے جبکہ ایک بچہ زخمی ہوا ہے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ رہین کے ساتھ ان کا سیکورٹی گارڈ نہیں تھا ، انھیں گھر کے نزدیک ہی فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔ سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے اس حملے میں رہین کو 20 گولیاں لگی ہیں۔ ابھی تک کسی گروہ یا شخص نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم اس طرح کے حملوں میں طالبان ملوث ہوتے ہیں۔