الوقت - افغان صدر نے اس ملک کی فوج کو طالبان کے خلاف زمینی اور فضائی کارروائی کرنے کا حکم دیا ہے۔
کابل سے موصولہ رپورٹ کے مطابق، افغان صدر کے میڈیا ڈپارٹمنٹ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ صدر محمد اشرف غنی نے اس ملک کے قومی سلامتی کے محکمہ کے حکام سے ملاقات میں افغانستان کے دشمنوں بالخصوص طالبان کے خلاف سخت کارروائی کرنے پر زور دیا ہے۔
انہوں نے طالبان کے ساتھ امن مذاکرات کے ناکام ہونے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 18 ماہ کے دوران سیکورٹی، استحکام اور امن کے قیام کے لئے بہت کوشش کی گئی لیکن طالبان دھڑے امن کے لئے تیار نہیں ہیں۔
اشرف غنی نے طالبان کو باغی قرار دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان کی سیکورٹی فورسز کو چاہیے کہ وہ دہشت گردوں کے مالی ذرائع اور ان کے ٹھکانوں کو تباہ کریں اور اسی طرح ان کی نقل و حرکت کو بھی بند کریں۔
افغان صدر نے ایسی صورت حال میں دہشت گرد گروہوں کے خلاف کارروائی تیز کرنے پر زور دیا ہے کہ گزشتہ ہفتے کابل میں دہشت گردانہ حملے میں 400 سے زیادہ افراد ہلاک و زخمی ہوئے۔
طالبان گروہ نے اس دہشت گردانہ حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔