الوقت - ہندوستان میں "بھارت ماتا کی جے" نہ بولنے پر دہلی میں مدرسہ کے تین طلبہ کو زدکوپ کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ طلبہ نے الزام لگایا ہے کہ کچھ افراد نے انہیں نعرہ لگانے پر مجبور کیا اور مارا پیٹا گیا۔
واقعہ گزشتہ ہفتے کا بتایا جا رہا ہے۔ دہلی کے بیگم پور علاقے میں مدرسہ کے تین طلبہ کو کچھ شرارتی افراد نے گھیر لیا اور "بھارت ماتا کی جے" کا نعرہ لگانے کو کہا۔
متاثرین میں سے ایک 18 سالہ طالب علم محمد دلکش نے بتایا کہ پارک میں شراب پی رہے پانچ افراد نے انہیں گھیر لیا تھا۔ انہوں نے ڈنڈے مار کر اس کا ہاتھ توڑ دیا۔ اس نے بتایا کہ وہ لوگ مدرسے میں وقفے کے وقت پارک گئے تھے۔ دلکش کے علاوہ دو دیگر طالب علم اجمل اور نعیم بھی اس کے ساتھ تھے۔
اس معاملے میں پولیس نے منگل کی رات ایف آئی آر درج کر لی ہے۔ پولیس نے متاثرین کے بیان بھی درج کئے ہیں۔ متاثرین نے بتایا کہ ملزم پہلے ان سے 'جے ماتا دی" کا نعرہ لگانا چاہتے تھے" پھر بھارت ماتا کی جے کا نعرہ لگانے کو کہا۔