الوقت - روس کے صدر ولادیمیر پوتین نے قدیمی تاریخی شہر پالميرا کی مکمل آزادی پر شام کے صدر کو مبارکباد پیش کی ہے۔
ولادیمير پوتين نے اتوار کو شام کے صدر بشار اسد کو ٹیلیفون کرکے انہیں قدیمی شہر پالميرا کو دہشت گرد گروہ داعش کے چنگل سے آزاد کرائے جانے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے عالمی ثقافت و تہذیب کی وراثت کی حیثیت سے اس قدیمی اور تاریخی شہر کی حفاظت کی اہمیت پر زور دیا۔ اس ٹیلیفونی گفتگو میں شام کے صدر بشار اسد نے کہا کہ شام کی فوج اور رضاکار فورس دہشت گردوں کے خلاف اپنی مزاحمت جاری رکھیں گے۔
دوسری جانب اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل بان کی مون نے شامی فوج کے ہاتھوں داعش کے دہشت گردوں سے تدمر کی آزادی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ حکومت دمشق، اس تاریخی مقام کی تعمیر نو اور یونیسکو میں درج اس قدیمی شہر کی حفاظت کی کوشش کرے گی۔ انہوں نے اردن کے دارالحکومت میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "انتہا پسند دہشت گردوں نے نہ صرف بے دردی سے عوام کا قتل عام کیا بلکہ انہوں نے انسانی تہذیبوں کو بھی تباہ کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ شام کی فوج اور رضاکار فورس نے اتوار کو تاریخی شہر پالميرا کو داعش کے دہشت گردوں کے چنگل سے مکمل طور پر آزاد کرا لیا۔ پالميرا کو آزاد کرانے کی مہم کے دوران بڑی تعداد میں دہشت گرد مارے گئے۔