الوقت - اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے ایران اور پاکستان کے درمیان تجارت، آئندہ برسوں میں 5 ارب ڈالر تک پہنچنا چاہئے۔
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے اسلام آباد میں ایران اور پاکستان کے اعلی وفد کے اجلاس میں پاکستان کو دوست، بھائی اور ایسا پڑوسی ملک قرار دیا جس کے ایران سے گہرے ثقافتی اشتراک ہیں۔
صدر نے زور دیا کہ ایران، پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون میں توسیع کا خیر مقدم کرتا ہے۔
صدر حسن روحانی نے پاکستان کو بجلی کی فراہمی اور پاکستان کو بجلی برآمد کرے کو آسان بنانے کے لئے اس کی سرحد کے قریب نئے بجلی گھر بنانے پر تہران کی آمادگی کا اعلان کیا۔
اس موقع پر پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف نے بھی زور دیا کہ پاکستان اور ایران کے اقتصادیات ایک دوسرے کی تکمیل ہیں اور اسلام آباد ہر شبعے میں تہران کے ساتھ تعاون میں توسیع کا عزم رکھتا ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی لین دین کو 5 ارب ڈالر تک پہنچانا، پاکستان کی خواہش ہے اور اس کے ساتھ ہی گیس پائپ لائن منصوبے کو مکمل کرنا اور چابہار بندرگاہ کے تناظر میں تعاون میں توسیع کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ ایران کے صدر جمعے کو ایک اعلی سطحی وفد کے ساتھ پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد پہنچے جہاں پر اس ملک کے وزیر اعظم نواز شریف نے ان کا پر تپاک خیر مقدم کیا اور ایران کے صدر کو 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔