الوقت - ایسوشیٹیڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق، سیکورٹی حکام نے بتایا ہے کہ دہشت گرد گروہ داعش نے کم سے کم 400 افراد کو ٹریننگ دے کر دہشت گردانہ حملوں کے لئے یورپی ممالک کی جانب روانہ کر دیا ہے۔
اس امریکی نیوز ایجنسی کے مطابق یورپی اور عراقی سیکورٹی اہلکار ایسے تربیتی کیمپوں کی موجودگی کی باتیں کر رہے ہیں جو بالخصوص مغرب کے خلاف حملوں کی تربیت کے لئے بنائے گئے ہیں۔
ان سیکورٹی حکام کے مطابق داعش نے ان دہشت گردوں کو حکم دیا ہے کہ وہ اپنے مشن کو انجام دینے کے لئے مناسب وقت، مقام اور طریقہ کا انتخاب کریں۔
واضح رہے کہ منگل کو بیلجیم کے دارالحکومت برسلز میں بین الاقوامی ہوائی اڈے پر دو دھماکے اور یورپی یونین کے ہیڈکواٹر کے قریب واقع میٹرو اسٹیشن پر دھماکے ہوئے جس میں 34 افراد ہلاک اور 175 سے زائد زخمی ہوئے تھے جس کے بعد پورے یورپی ممالک میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کردئے گئے تھے۔