الوقت - نیپال کے وزیر اعظم کے پی شرما اولی اتوار کو پہلے سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے۔
چین کی اعلی قیادت کے ساتھ ملاقات سے پہلے 64 سالہ نیپالی وزیر اعظم نے چین کے ساتھ نیپال کے تعلق کو ہمالیہ کی طرح بلند قرار دیا اور کہا کہ ہمالیہ دونوں ممالک کی دوستی کی علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کے ایک ہفتے کے دورے کا بنیادی مقصد، بیجنگ سے تعاون اور نیک نیتی کا حصول ہے۔ انہوں نے چینی وزیر اعظم لی کنگ کی دعوت پر بیجنگ کا دورہ کیا ہے۔ 50 رکنی وفد کے ساتھ پہنچے اولی نے چین کی سرکاری خبر ایجنسی شینہوا سے گفتگو میں کہا کہ چین کے ساتھ ٹرانزٹ اور نقل و حمل سے متعلق معاہدوں پر دستخط کئے جا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نیپال، چین کی بندرگاہوں کو استعمال کرنے کو بے چین ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملک قریبی تعاون کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ نیپال، چین کا ایک چھوٹا پڑوسی ملک ہے اور ایشیا میں ترقی کے معاملے میں تھوڑا پیچھے رہ گیا ہے لیکن میرا خیال ہے کہ نیپال کو اقتصادی محاذ پر چین کی ترقی سے فائدہ ہو سکتا ہے۔
واضح رہے کہ نیپالی وزیر اعظم کے چین کے دورے کے دوران ٹرانزٹ اور ایندھن برآمد سمیت کئی اہم معاہدوں پر دستخط ہو سکتے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ نیپال میں نئے آئین کی تشکیل کے بعد ہندوستان اور نیپال کے تعلقات میں کشیدگی پیدا ہو گئی ہے۔