الوقت - ہندوستان میں اہم ٹھکانوں پر حملہ کرنے کا مقصد سے حال ہی میں گجرات کے راستے مبینہ طور پر ہندوستان میں در اندازی کرنے والے 10 مشتبہ دہشت گردوں میں سے تین کو سیکورٹی فورسز نے ہلاک کر دیا ہے۔
ہندوستان کے اعلی ذرائع نے بتایا کہ اس سے پہلے کہ دہشت گرد ملک میں کوئی حملہ کر پاتے، گجرات میں ہی ان میں سے تین کو گزشتہ جمعہ کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ باقی سات دہشت گردوں کے ٹھکانوں کا بھی پتہ چل گیا ہے اور ان سے نمٹنے کے لئے مہم جاری ہے۔
ذرائع نے کہا کہ چونکہ مہم ابھی چل رہی ہے، سیکورٹی ایجنسیاں اس سلسلے میں کوئی معلومات دینے کو تیار نہیں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مشتبہ دہشت گردوں کے اس گروہ نے جس میں لشکر طیبہ اور جیش محمد کے دہشت گردوں کے شامل ہونے کا خدشہ ہے، 7 مارچ ہندوں کے تہوار مہاشوراتری کے موقع پر گجرات میں واقع سومناتھ مندر اور دیگر مقامات پر حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کی تھی۔
دہشت گردوں کی دراندازی کی اطلاع ملتے ہی مرکز نے این ایس جی کی چار ٹیمیں گجرات روانہ کر دی تھیں۔ انہیں ریاست میں مختلف مقامات پر تعینات کیا گیا تھا۔ دراندازی کی اطلاع کے ساتھ ہی گجرات اور تمام میٹرو شہروں میں مرکزی سیکورٹی ایجنسیوں نے احتیاط کا اعلان کر دیا تھا۔
واضح رہے کہ دی ہندو کے مطابق، نصیرخان جنجوعہ نے اپنے ہندوستانی ہم منصب اجیت دیول سے معلومات کے تبادلے میں مبینہ طور پر بتایا تھا کہ پاکستان کے پاس لشکر طیبہ یا جیش محمد کے دس دہشت گردوں سے متعلق اطلاعات ہیں۔ دہلی پولیس ذرائع نے کہا تھا کہ انہیں پتہ چلا ہے کہ یہ دہشت گرد بازاروں اور شاپنگ مالز پر حملہ کر سکتے ہیں۔ انڈیا گیٹ، راشراپتی بھون اور ریلوے اسٹیشنز سمیت دہلی کی تمام اہم تنصیبات پر ہائی الرٹ ہے۔