تہران یونیورسٹی کے شعبہء اردو کے زیر اہتمام "انجمن احباب اردو نے" انتظار حسین کی یاد میں ایک پروگرام منعقد کیا۔ اس نشست میں پہلے ڈاکٹر معصومہ غلامی نے انتظار حسین کی شخصیت اور فن پر اپنا تفصیلی مقالہ پیش کیا۔ انھوں نے اپنے مقالے میں انتظار حسین کی شخصیت،فن اور سوانحی حالات پر روشنی ڈالی۔
ڈاکٹر راشد عباس نقوی نے انتظار حسین کی کالم نگاری اور ترجمہ نگاری پر روشنی ڈالتے ہوئے ان کی ادبی شخصیت کے ان پہلوؤں کو اچھے انداز میں اجاگر کیا۔ ڈاکٹر فرزانہ اعظم لطفی انتظار حسین کی تصنیف "کلیلہ و دمنہ" کو پیش نظر رکھتے ہوئے حاضرین محفل کی خدمت میں ایک کہانی پیش کی اور انتظار حسین کے فن قصہ گوئی اور ان کے ہاں علاماتی اور استعاراتی نظام کاجائزہ پیش کیا۔
شعبہء اردو کے استاد ڈاکٹر محمد کیومرثی نے انتظار حسین کی افسانہ نگاری اور ان کی حلقہء ارباب ذوق میں شمولیت کا جائزہ پیش کیا ۔اس کے ساتھ ساتھ انھوں نے اس ادبی نشست کا مجموعی جائزہ سامعین کی خدمت میں پیش کیا۔
اس ادبی نشست کی نظامت ڈاکٹر علی کاوسی نژاد نے سرانجام دی۔ ادبی نشست میں صدر شعبہء اردو ڈاکٹر علی بیات اور شعبہ اردو کے دیگر اساتذہ ڈاکٹر محمد کیومرثی، ڈاکٹر فرزانہ اعظم لطفی،ڈاکٹر وفا یزدان منش نے شرکت کی۔
اس نشست میں شعبہ اردو کے طلبا اور باہر سے تشریف لائے ہوئے معزز مہمانوں نے بهی شرکت کی