~~الوقت کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں میڈیا نمائندوں کو بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ کراچی سے القاعدہ برصغیر اور لشکر جھنگوی کے 97 افراد پر مشتمل ایک بہت بڑا گینگ پکڑا ہے، گرفتار افراد کالعدم تحریک طالبان کے تعاون سے متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے اور ان میں سے 26 کی گرفتاری پر کروڑوں روپے کی انعامی رقم بھی رکھی ہوئی تھی، گرفتار دہشتگردوں میں القاعدہ بر صغیر کا نائب امیر، لشکر جھنگوی کا امیر نائب امیر اور سہولت کار بھی شامل ہیں، یہ لوگ 2009 سے اب تک بڑے بڑے دہشت گرد حملوں جیسے لاہور میں مناوا پولیس اسٹیشن حملہ، آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز پر حملوں، مہران نیول بیس حملے، نیوی کی بسوں پر حملے، کامرہ ایئر بیس پر حملے، کراچی جیل توڑنے کی کوشش اور کراچی ایئرپورٹ حملے سمیت پولیس افسر چوہدری اسلم اور حیدرآباد جیل توڑنے کی کوشش میں ملوث تھے۔
پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ شہر میں مکمل امن بحال ہونے تک جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن جاری رہے گا۔