~~الوقت کی رپورٹ کے مطابق بھارت میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سیاچن میں پاکستان اور بھارت کے فوجی تعینات ہیں اور آئے دن سردی کی شدت اور برفانی تودے گرنے سے وہاں ہلاکتوں کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں جب کہ حالیہ سانحے میں بھارتی فوجیوں کی ہلاکتوں پر دلی افسوس ہے ۔
عبدالباسط کا کہنا تھا کہ اب وقت آگیا ہے کہ سیاچن مسئلے پر مزید قیمتی جانوں کے نقصان کو روکا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے اقوام متحدہ میں اپنی تقریر میں بھی سیاچن مسئلے کو زیر بحث لایا تھا، اب دونوں ممالک کے درمیان بھی جلد از جلد مذاکرات ہونے چاہئیں اور مجھے قوی امید ہے کہ سیاچن کے مسئلے پر دونوں ممالک کے درمیان جلد بات ہوگی۔