~~الوقت کی رپورٹ کے مطابق بغداد میں اسلامی بین الپارلیمانی یونین کے گیارہویں اجلاس کے موقع پر اپنے عراقی ہم منصب سلیم الجبوری کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے ایران کی پارلیمنٹ کے پارلیمانی اسپیکر علی لاریجانی نے کہا کہ مسلم ممالک غزہ کے فلسطینیوں کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کے محصور فلسطینیوں کو پچھلے دس برس سے اسرائیل کے شدید حملوں اور محاصرے کا سامنا ہے۔
ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا کہ ایسے حالات میں ضروری ہے کہ اسلامی بین الپارلیمانی یونین کا نمائندہ وفد حالات کا جائزہ لینے کے لئے فوری طور پر غزہ کا دورہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اسلامی ممالک کی ذمہ داری ہے کہ وہ غزہ کے محصور فلسطینیوں کے لئے فوری امداد پہنچانے کا بندو بست کریں۔
قابل ذکر ہے کہ اسرائیل نے سن دو ہزار سات سے غزہ کا شدید ترین محاصر ہ کر رکھا ہے جس کے نتیجے میں اس علاقے کی انسانی صورت حال انتہائی تشویشناک ہو گئی ہے۔
پچھلے دس برسوں کے دوران بہت سے فلسطینیوں کے گھر تباہ ہو گئے ہیں اوراسرائیل کی جانب سے تعمیراتی وسائل کی ترسیل پر پابندی کے سبب ان کی تعمیر نو ممکن نہیں ہو سکی ہے۔