الوقت نےامریکی میگزین فارن پالیسی کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ شام کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی اسٹیفن دی مستورا نے کہا ہے کہ سعودی حکومت جنیوا امن مذاکرات میں شرکت کے لئے شام کی حکومت کے مخالفین کی فہرست میں اضافہ کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ انھوں نے سبھی سیاسی فریقوں سے اپیل کی ہے کہ بحران شام کے پر امن حل کی کوششوں کی حمایت کریں ۔
اس رپورٹ کے مطابق اس میگزین کو، اسٹیفن دی مستورا کی خفیہ رپورٹ کا ایک نسخہ مل گیا ہے، جس میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے نے اس بات پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے کہ شام سے باہر موجود دمشق حکومت کے مخالفین کا اتحاد جس کو سعودی حکومت کی حمایت حاصل ہے، اس بات پر مصر ہے کہ صرف اسی کو شام کے مخالفین کا نمائندہ گروپ قرار دیا جائے۔ فارن پالیسی میگزین کے مطابق اسٹیفن دی مستورا نے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ وہ اس وقت تک کسی بھی گروہ کو جنیوا مذاکرات میں شرکت کی دعوت نہیں دیں گے جب تک بحران شام کے پر امن حل میں کوشاں سبھی موثر بین الاقوامی فریق ان گروہوں کی فہرست پر دستخط نہ کردیں۔ انھوں نے سلامتی کونسل کے لئے تیارکردہ اپنی رپورٹ میں بڑی طاقتوں بالخصوص روس اور امریکا سے اپیل کی ہے کہ بحران شام کے پرامن حل کے لئے ان کی کوششوں کی حمایت کی جائے۔ یاد رہے کہ بحران شام کے پرامن حل کے لئے شامی فریقوں کے درمیان تیسرے جنیوا امن مذاکرات پچیس جنوری کو ہونے والے ہیں ۔