~~
الوقت کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کے چیف ایگزیکٹیو عبداللہ عبداللہ نے اپنے دورہ ایران کے بعد کابل میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ایران کی چابہار بندرگاہ افغانستان کی مصنوعات کی ٹرانزیٹ کے لئے بہت ہی اہمیت کی حامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہت جلد یہ بندرگاہ علاقائی اور حتی عالمی سطح کی ٹرانزیٹ بندرگاہوں کی تاریخ میں اپنا اہم مقام حاصل کرلے گی - انہوں نے ارنا کے نمائندے کے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہمیں چابہار کے دورے میں اس بات کی اطلاع ملی کہ اس بندرگاہ میں کم سے کم ساٹھ افغان تاجروں اور سرمایہ کاروں نے سرمایہ کاری کر رکھی ہے - عبداللہ عبداللہ نے کہاکہ افغانستان اپنی مصنوعات کی ٹرانزیٹ کے لئے ایران کی چابہار بندرگاہ اورپاکستان کی کراچی بندرگاہ پر اپنی خاص توجہ دینے کے ساتھ ساتھ چین- قرقیزستان -تاجیکستان- افغانستان اور ایران کے درمیان ریلوے لائن کے انتہائی اہم پروجیکٹ پر بھی بہت توجہ دے رہا ہے - انہوں نے خطے اور خاص طور پر افغانستان میں قیام امن کے تعلق سے ایران کے مثبت کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور قیام امن میں تعاون کے لئے اپنی مکمل آمادگی کا اعلان کیا ہے