الوقت کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی طالبان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بغدادی خلیفہ نہیں ہے کیونکہ اسلام کے مطابق خلیفہ وہ ہوتا ہے جس کی حکمرانی دنیا کے تمام مسلمانوں پر ہو، لیکن بغدادی کو ایسی کوئی حکمرانی حاصل نہیں ہے، اسے صرف خاص علاقے اور لوگوں پر حکمرانی حاصل ہے۔
واضح رہے کہ عالمی دہشت گرد تنظیم القاعدہ سے الگ ہوکر اپنی الگ تنظیم قائم کرنے والی داعش نے گزشتہ سال ابوبکر البغدادی کو اپنا خلیفہ مقرر کرتے ہوئے پوری دنیا میں خود ساختہ خلافت قائم کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔
اس سے قبل افغان طالبان بھی ابوبکر البغدادی کے خلیفہ ہونے کے دعوے کو مسترد کرچکے ہیں۔
طالبان کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بغدادی کو اس لیے بھی خلیفہ نہیں مانا جاسکتا کیونکہ اس کا انتخاب اسلامی قوانین کے تحت نہیں ہوا۔
خیال رہے کہ پاکستانی طالبان افغان طالبان سے علیحدہ ہو کر اپنی الگ دہشت گرد کارروائیاں کرتے ہیں۔