الوقت کی رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف اسکاٹ لینڈ کی شہری 69 سالہ سوزین کیلی کی جانب سے پیش کی گئی اس آن لائن پٹیشن میں برطانیہ میں ان کے داخلے پر پابندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ نفرت انگیز تقاریر پر پہلے بھی کئی افراد کے برطانیہ میں داخلے پر پابندی عائد کی گئی ہے، اس لیے اس کا اطلاق اُن افراد پر بھی ہونا چاہیے جو برطانیہ میں داخلے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
پٹیشن اب برطانوی پارلیمنٹ میں بحث کے لیے پیش کی جائے گی، کیونکہ برطانوی قانون کے تحت ایسی کوئی بھی پٹیشن، جس پر کم از کم ایک لاکھ افراد دستخط کردیں، اسے پارلیمنٹ میں بحث کے لیے پیش کیا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم کے دوران ایک ریلی سے خطاب میں کیلی فورنیا فائرنگ واقعے کے تناظر میں کہا تھا کہ جب تک حکومت اس طرح کے حملوں کے محرکات کا پتہ نہیں لگا لیتی، امریکا میں مسلمانوں کے داخلے پر پابندی لگادینی چاہیے۔