الوقت نےبھارتی میڈیا کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ جنوبی ریاست تامل ناڈو میں بارشوں کے بعد چنائے میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی اور پورا شہر پانی میں ڈوبا ہوا ہے جس کی وجہ سے نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا،اسکول،کالجوں اور جامعات کی چھٹیاں کردی گئیں جب کہ ایئرپورٹ پر پانی جمع ہونے کی وجہ سے پروازیں بھی معطل ہیں اورسیکڑوں مسافر چنائے ایئرپورٹ پر پھنسے ہوئے ہیں۔ ریلوے ٹریک زیرآب آنے کی وجہ سے ٹرین سروس بھی معطل ہے جس کی وجہ سے چنائے دیگر شہروں سے کٹ کر رہ گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ تامل ناڈو میں مسلسل ہونے والی موسلا دھار بارشوں نے 100 سالہ ریکارڈ توڑ دیا ہے ۔
تامل ناڈو کی ریاستی حکومت نے چنائے میں ایمرجنسی کا نفاذ کررکھا ہے اور شہر کی تمام فیکٹریاں اور دفاتر بھی بند کردیئے گئے ہیں،مسلسل بارشوں کے باعث 60 فیصد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔امدادی کارروائیوں کے لیے فوج طلب کرلی گئی ہے ۔
واضح رہے کہ تامل ناڈ و میں گزشتہ ماہ سے موسلا دھار اور طوفانی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے اب تک 200 سے زائد افراد ہلاک جب کہ سینکڑوں زخمی ہوچکے ہیں۔