الوقت کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے بادشاہ سلمان بن عبدالعزیز نے منگل کو ریاض میں فرانسیسی وزیراعظم کی میزبانی کی اور فریقین نے دوطرفہ تعلقات کی راہوں کو فروغ دینے اور انھیں مضبوط بنانے کے بارے میں گفتگو کی- فرانس خود کو سعودی عرب کا اصلی اتحادی بنانے کے لئے بھرپور کوشش کر رہا ہے -
سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو پروان چڑھانے کے لئے اس ملک میں انسانی حقوق کی پامالی کو نظرانداز کئے جانے کے باعث فرانس پر تنقیدیں ہوتی رہی ہیں- اور اسی بنا پر فرانس کے وزیر اعظم مانوئل والس کے دورہ ریاض اور سعودی عرب کے ساتھ کئی سمجھوتوں پر دستخط کو فرانسیسی ذرائع ابلاغ نے ہدف تنقید بنایا ہے -
فرانسیسی جریدے لومونڈ نے فرانس کے وزیر اعظم کے دورہ ریاض پر تنقید کرتے ہوئے لکھا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے انسانی حقوق کے قوانین کی خلاف ورزی تشویشناک ہے اور سزائے موت اس ملک کے اپوزیشن رہنماؤں کے انتظار میں ہے- سعودی حکمراں، جمہوریت کو پسند نہیں کرتے اور سعودی شہریوں اور سیاسی شخصیتوں کے قانونی اور سیاسی مطالبات انھیں برداشت نہیں ہیں اور مظاہرین کا جواب زد وکوب، جیل اور تختہ دار ہے -
سعودی عرب کے سلسلے میں مغرب کے رویے سے پتہ چلتا ہے کہ انسانی حقوق کی پیمائش، دوسرے ممالک کے سلسلے میں انسانی حقوق کے نام نہاد دعوے دار ممالک کی پالیسی اور موقف اختیار کرنے کا حربہ بن چکی ہے -