الوقت کی رپورٹ کے مطابق یہ تینوں فلسطینی بیت المقدس اور شمالی تل ابیب کے علاقے رعناتہ میں ایک ایسے وقت شہید ہوئے ہیں جبکہ صیہونیت مخالف مظاہروں کا دائرہ پورے مقبوضہ علاقوں میں پھیل چکا ہے- اس درمیان بیت المقدس اور دیگر علاقوں میں فلسطینیوں اور صہیونی فوجیوں کے درمیان شدید جھڑپیں جاری ہیں-
فلسطین کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ اکتوبر کے مہینے کے آغاز سے اب تک صیہونی فوجیوں کی جارحانہ کاروائیوں میں کم از کم 28 فلسطینی شہید اور تیرہ سو دیگر زخمی ہو چکے ہیں جن میں دسیوں افراد کی حالت تشویشناک ہے۔
انسانی حقوق کے ایک فلسطینی ادارے نے فلسطینیوں کے قتل عام پر رد عمل دکھاتے ہوئے کہا کہ غاصب صیہونی حکومت، بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کر رہی ہے۔
انسانی حقوق کے امور میں سرگرم عمل فلسطینی ادارے کے سربراہ شعوان جبارین نے کہا ہے کہ فلسطین کے مختلف علاقوں میں صیہونی فوجیوں کے جارحانہ اقدامات اور فلسطینیوں کا قتل عام، بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
انھوں نے کہا کہ غاصب صیہونی فوجی، فلسطینیوں پر اندھا دھند فائرنگ کر رہے ہیں جبکہ فلسطینیوں کو بلاسبب گرفتار کرکے قید میں رکھا جا رہا ہے۔