الوقت کی رپورٹ کے مطابق ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی، آئی اے ای اے، کے ڈائریکٹر جنرل یوکیا امانو نے آج تہران میں صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی سے ملاقات کی جس میں ڈاکٹر حسن روحانی نےکہا کہ خوش قسمتی سے گزشتہ برسوں کے دوران ایران کی پرامن ایٹمی سرگرمیوں کی حقانیت ثابت ہوئی اور آئی اے ای اے کی نگرانی اور اس کے انسپکٹروں کے اچانک معائنے میں بھی اس کی تصدیق کی گئی اور کہا گیا کہ ایران کے پرامن ایٹمی پروگرام میں کوئی بھی عمل غیر قانونی نہیں ہے -
اس ملاقات میں آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل یوکیا امانو نے ویانا ایٹمی معاہدے نیز مشترکہ جامع ایکشن پلان پر عمل درآمد کے طریقہ کار کو اہم قرار دیا اور کہا کہ ان کا ادارہ تمام مسائل کو مذاکرات اور بات چیت کے دائرے میں نتیجے تک پہنچانے میں دلچسپی رکھتا ہے -
واضح رہے کہ تہران کے ایٹمی پروگرام کے بارے میں ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے ممالک امریکا، برطانیہ، فرانس، روس، چین اور جرمنی درمیان چودہ جولائی کو معاہدہ ہوچکا ہے- اس معاہدے کے مطابق ایران کو بین الاقوامی سطح پر ایک ایٹمی طاقت کی حیثیت سے تسلیم اور اقوام متحدہ، یورپ اور امریکا کی پابندیوں کے خاتمے کا اعلان کیا گیاہے۔