الوقت کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کےوزیردفاع خواجہ آصف کا اس موقع پر کہنا تھا کہ بھارت نے ہمارے نہتے اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا، جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے سیالکوٹ کے سرحدی گاؤں کندن پور کو چھلنی چھلنی کردیا ہے لیکن پاکستانی شہریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، بھارت جان لے کہ جو قوم قربانیاں دینا جانتی ہے وہ اپنی سرزمین کے چپے چپے کی حفاظت کرنا بھی جانتی ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ مودی سرکار نے اپنی حکومت کی ناکامی سے عوام کی توجہ ہٹانے کے لئے سرحد پر اشتعال انگیزی کر رکھی ہے، بھارتی وزیراعظم کے آبائی حلقے گجرات کا یہ حال ہے کہ وہاں پر فرقہ وارانہ فسادات پھوٹ پڑے ہیں جب کہ بھارت میں آزادی کی درجنوں تحریکیں بھی چل رہی ہیں۔انھوں نے کہا کہ پوری قوم پاک فوج کی پشت پر سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہے، ہم اقوام متحدہ اور بین الاقوامی برادری کو بھارتی جارحیت کے حوالے سے آگاہ کریں گے۔
پاکستان کا کہنا ہے کہ گذشتہ ہفتےسیالکوٹ سیکٹر پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے پاکستان کے 9شہری ہلاک اور 50 کے قریب زخمی ہوئے تھے۔جبکہ بھارت کا کہنا ہے کہ پاکستان کی فائرنگ سے بھارت کے 3شہری ہلاک ہوئے ہیں۔