الوقت کی رپورٹ کے مطابق آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان کے علاقے شوال میں دہشتگردوں کے ساتھ جھڑپ میں جاں بحق ہونے والے لیفٹینٹ کرنل فیصل ملک اور سپاہی زوہیب کی نماز جنازہ راولپنڈی میں ادا کر نےکے بعد ان کے جسد خاکی آبائی علاقوں کو روانہ کر دیئے گئے جہاں انہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جھڑپ میں چھ عسکریت پسند بھی مارے گئے۔
واضح رہے کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کا آخری مرحلہ جمعرات کو وادی شوال میں زمینی دستوں کی کارروائی سے شروع ہوا، جسے اس خطے میں عسکریت پسندوں کا آخری مضبوط گڑھ سمجھا جاتا ہے۔
پاکستان میں شمالی وزیرستان سمیت سات قبائلی ایجنسیوں کو عسکریت پسندوں کی محفوظ پناہ گاہ سمجھا جاتا تھا۔
حکومت اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے درمیان امن مذاکرات کی ناکامی اور کراچی ایئرپورٹ پر حملے کے بعد پاک فوج نے گزشتہ سال 15 جون کو شمالی وزیرستان میں آپریشن عضب شروع کیا تھا۔
آپریشن کے آغاز سے لیکر اب تک 2800 سے زائد عسکریت پسندوں کو ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ ایجنسی کے زیادہ تر علاقوں پر فوج نے کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔