الوقت کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے انٹیلی جنس اداروں نے اہم سیاسی شخصیات کوسیکیورٹی خدشات سے متعلق وزارت داخلہ کوآگاہ کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ دہشت گردجے یوآئی (ف)کے امیرمولانا فضل الرحمن، سابق وزیرداخلہ رحمن ملک، تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سمیت اہم سیاسی اور مذھبی شخصیات کو نشانہ بناسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ کل کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما رشید گوڈیل کی گاڑی پر فائرنگ سے ان کا ڈرائیور ہلاک ہوگیا جب کہ وہ خود شدید زخمی حالت میں اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
نجی اسپتال کے ترجمان کے مطابق رشید گوڈیل کو جبڑے، گردن اور سینے پر 6 گولیاں لگیں، ماہر ڈاکٹروں نے آپریشن کرکے ان کے جسم سے گولیاں نکال لی ہیں اور انہیں انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں منتقل کردیا گیا ہے تاہم ان کی حالت انتہائی نازک ہے ۔ سینے میں لگنے والی گولی سے ان کا ایک پھیپھڑا شدید متاثر ہوا ہے جس کی وجہ سے انہیں مصنوعی طریقے سے سانس دیا جارہا ہے۔