الوقت کی رپورٹ کے مطابق اعداد و شمار سے معلوم ہوتا ہےکہ آل سعود یمن میں سعودی عرب اور اسکے پٹھووں کی جارحیت میں چار ہزارسے زائد افراد شہید ہوچکے ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کے ترجمان طارق جزارووچ نے کہا ہے کہ چھبیس مارچ سے جولائي کے وسط تک آل سعود کی جارحیت میں تقریبا تین ہزار نو سو چوراسی افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد انیس ہزار تین سو سینتالیس ہے۔ انہوں کہا کہ یہ اعداد و شمار یمن کے طبی مراکز سے حاصل ہوئے ہیں اور اس بات کا امکان پایا جاتا ہےکہ جاں بحق ہونے والوں کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو۔
ادھر اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی ترجمان روینا شمدسانی نے بھی کہا ہےکہ گذشتہ چار مہینوں میں آل سعود کی جارحیت میں ہزاروں افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے ہیں ۔جبکہ اقوام متحدہ میں بچوں کےعالمی فنڈ یونیسیف کی رپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ یمن پر آل سعود اور یمن کی سابق حکومت کے حامیوں کے حملوں میں سیکڑوں بچے جاں بحق ہوگئے ہیں۔ درایں اثنا ہیومن رائٹس واچ نے المخا ساحلی شہر پر آل سعود کے حملوں کو جنگي جرائم قرار دیتے ہوئے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اس جارحیت کے بارے میں تحقیقات انجام دی جائيں۔